آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے زیرِ اہتمام اپنی نوعیت کی منفرد اور باوقار ادبی و روحانی تقریب "عطائے ارمغانِ عقیدت” لاہور کے معروف ہوٹل پاک ہیری ٹیج میں منعقد ہوئی۔

یہ تقریب خصوصی طور پر مقابلہ "آپ ﷺ کے نام خط” میں شریک ہونے والے نمایاں پوزیشن ہولڈرز اور شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد کی گئی، جس میں ممتاز ادبی، صحافتی اور علمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ محمد زاہد نے حاصل کی، جبکہ فائزہ شہزاد اور حفصہ خالد نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانیت سے معطر کر دیا۔ نظامت کے فرائض معروف اینکر و لکھاری سمیرا شفق نے نہایت وقار اور سلیقے سے انجام دیے۔مقابلے کے نتائج کے اعلان کے موقع پر یہ خوشخبری بھی سنائی گئی کہ شرکاء میں مجموعی طور پر 1,95,000 روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، جن میں 85,000 روپے نقد اور 1,15,000 روپے مالیت کی کتابیں شامل ہیں۔بانی تنظیم ایم ایم علی نے اپنے افتتاحی خطاب میں اس ادبی و روحانی روایت کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “اپووا کا مقصد قلمکاروں کو عزت، پہچان اور فکری ہم آہنگی فراہم کرنا ہے۔”تقریب کی صدارت معروف ادبی شخصیت ناصر بشیر نے کی جبکہ سرپرستی سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان نے انجام دی۔

مہمانانِ خصوصی میں محمد مرتضیٰ کھوکھر، رائے منظور ناصر، کاشف منظور، ایم اے شہزاد خان، اشفاق احمد خان، راشد محمود، ڈاکٹر فضیلت بانو، شہزاد چوہدری، اختر عباس، شہزاد نیر، ریاض احمد احسان، ندیم نظر اور چوہدری غلام غوث شامل تھے۔تقریب میں ثوبیہ راجپوت، قرۃ العین خالد اور ماہ نور طاہر سمیت کئی ادبی شخصیات نے پُراثر خطابات کیے، جن میں عشقِ رسول ﷺ، ادب کی سماجی ذمہ داری اور نوجوان نسل میں فکری بیداری جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔آخر میں بانی اپووا ایم ایم علی نے تقریب کے کامیاب انعقاد میں معاونت کرنے والی تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا،

تقریب سے قبل شرکاء کے لیے پرتکلف لاہوری ناشتے کا اہتمام کیا گیا، جبکہ اختتامی لمحات میں یومِ اقبال کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کی فعال رکن فرسہ رانا کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا،

Shares: