لاہور: یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (UCP) میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے طلبا و طالبات سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبا کے لیے ڈیجیٹل پاکستان سائبر سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام اگنائٹ اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے تعاون سے کیا گیا، جس کا مقصد طلبا کو سائبر سیکیورٹی کے جدید پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔ورکشاپ کے دوسرے روز طلبا کو ایڈوانس سائبر سیکیورٹی ٹریننگ دی گئی، جس میں مختلف چیلنجز اور کوئز کا اہتمام کیا گیا تاکہ طلبا کے عملی علم میں اضافہ ہو سکے۔ ٹریلیم انفارمیشن سکیورٹی سسٹم کے ڈیجیٹل انویسٹی گیشن سپروائزر عبدالرحمان اور اگنائٹ کے منیجر آئی ٹی اورنگزیب راؤ نے طلبا کو ویب ایپلیکیشن اٹیکس اور مختلف سافٹ ویئرز کے استعمال کے طریقوں سے آگاہ کیا۔طلبا کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کے دوران ملنے والے چیلنجز اور کوئز سے انہیں سائبر سیکیورٹی کے پیچیدہ مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے میں مدد ملی ہے۔ اس تربیت سے طلبا مستقبل میں سائبر حملوں سے محفوظ رہنے اور سیکیورٹی کے حوالے سے نئے ہنر سیکھنے میں کامیاب ہوں گے۔