لاہور: شہر کے پوش علاقے ڈیفنس میں تین مسلح ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر ماں اور بیٹے کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس میں درج ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ شہری عامر زیدی اپنی والدہ کے ساتھ گھر میں موجود تھا جب تین نقاب پوش ڈاکو زبردستی اندر داخل ہوگئے۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر ماں اور بیٹے کو یرغمال بنایا اور ایک کمرے میں بند کر دیا۔ڈاکو گھر کی الماریوں سے 25 تولے سونے کے زیورات، جن کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے، اور 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، ملزمان نے واردات سے قبل گھر کی ریکی کی تھی اور گاڑی میں بیٹھ کر حالات کا جائزہ لیا تھا۔ پولیس نے فوٹیج حاصل کر لی ہے اور ڈاکوؤں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مختلف شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم اور زیورات برآمد کر لیے جائیں گے۔یہ واقعہ شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کی ایک اور مثال ہے، جس نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔