پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر لاہور جمخانہ کلب میں 14 اگست کو منعقد ہونے والے اوپن پیئرز برج ٹورنامنٹ نے شائقین اور کھلاڑیوں کو ذہنی کھیل کا ایک شاندار نظارہ پیش کیا۔ دو مختلف سیکشنز میں کھیلا گیا یہ مقابلہ سنسنی خیز اور دلچسپ رہا، جہاں لاہور کے نمایاں برج کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
وقار الدین وکی اور ائیر کموڈور صدفر نے 263.55 پوائنٹس کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھائی اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کے بعد ضیاء حیدر اور احسن قریشی نے 257.95 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہ کر کڑا مقابلہ کیا۔ تیسرے نمبر پر ساجد نبی ملک اور رشید نبی ملک رہے جنہوں نے 239.95 پوائنٹس حاصل کیے۔
حمزہ اور شانی نے 264.70 پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ جیتا، جب کہ ارسلان ایم اور خالد ایم نے 249.70 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جگہ بنائی۔ فرخ لیاقت اور جنید سعید نے 240.90 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی حکمت عملی اور مہارت نے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ کھلاڑیوں کے مابین بھائی چارہ اور دوستی کا ماحول بھی دیکھنے کو ملا۔ لاہور جمخانہ کلب کے شاندار انتظامات اور خوشگوار ماحول نے اس ایونٹ کو کامیاب اور یادگار بنایا۔فاتحین کو نقد انعام اور ٹرافیاں دی گئیں،برج ٹورنامنٹ کے اختتام پر پاکستان برج فیڈریشن کے صدر مبشر لقمان نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر مبشر لقمان نے جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور شرکا کا شکریہ بھی ادا کیا، اس موقع پر مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برج کو فروغ دینے کے لئے پاکستان برج فیڈریشن عملی کردار ادا کر رہی ہے،