لاہور ہائی کورٹ نے وکیل حنا جیلانی کو جاری کردہ عدالتی شوکاز نوٹس کو معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے شوکاز نوٹس معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔

عدالت عالیہ میں جسٹس خالد اسحاق کی سربراہی میں وکیل حنا جیلانی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ وہ خواتین کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے قانونی خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور ان کے خلاف جاری کردہ شوکاز نوٹس بلا جواز ہے۔درخواست میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ایک مقدمے میں جس میں لڑکی کو پیش نہ کرنے کے الزام پر ٹرائل کورٹ نے حنا جیلانی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یہ نوٹس غیر منصفانہ اور ان کے کام کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ جاری شدہ عدالتی شوکاز نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے تاکہ وکیل حنا جیلانی بغیر کسی دباؤ کے خواتین کے حقوق کی دفاع جاری رکھ سکیں۔عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد شوکاز نوٹس کو معطل کر دیا اور آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔

Shares: