لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نےسابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی، بہو سائرہ راسخ اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے اخراج کی درخواست پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔عدالت نے کیس کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دی ہے تاکہ مقدمہ کسی اور بنچ کے روبرو سماعت کے لیے مقرر کیا جا سکے،دوران سماعت راسخ الٰہی اور دیگر شریک ملزمان کے وکیل، ایڈووکیٹ عامر سعید راں نے عدالت میں پیش ہو کر دلائل دینے کی کوشش کی، تاہم سماعت ملتوی ہونے کے باعث وہ مؤقف مکمل طور پر پیش نہ کر سکے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف بلاجواز اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، جو سراسر سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے۔ مؤقف میں کہا گیا کہ ایف آئی اے آج تک مقدمہ میں الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے.درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی مقدمہ کو خارج کیا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں

Shares: