لاہور: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے، اسموگ اور دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا –

باغی ٹی وی : چھٹے روز بھی لاہور میں فضائی آلودگی کم نہ ہوسکی، صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں پہلا نمبر پر ہے جبکہ فضائی آلودگی کے اعتبار سے بھارتی شہر دہلی کا دوسرا نمبر ہے، لاہور میں اسموگ کی اوسط شرح خطرناک حد بھی پار کرگئی، شہر میں اسموگ کی اوسط شرح 688 تک جاپہنچی-

بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے سے اٹھنے والا شدید دھواں پاکستان میں داخل ہو رہا ہے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والی آلودہ ترین ہواؤں نے پنجاب کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، عوام احتیاط کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

لاہور کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے فیز 8 کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1391، گلبرک ٹو کے علاقے کا 918، ڈی ایچ اے فیز 5 کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 856 ریکارڈ کیا گیا،جبکہ ملتان کا اے کیو آئی 527 ریکارڈ کیا گیا ہے، اسلام آباد 226 اور راولپنڈی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 248 کو چھو گیا۔

پنجاب میں دھند اور اسموگ کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ترجمان موٹر وے نے بتایا کہ دھند اور اسموگ کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور موٹروے ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کیا گیا ہے موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر تک ٹریفک کے لیے بند ہےجلال پور پیروالا میں آج بھی اسموگ اور دھند برقرار ہے، موٹروے جلالپور پیروالہ انٹر چینج سے ٹریفک کے لیے بند ہے-

ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔

موٹر وے پولیس نے کہا کہ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

Shares: