لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کی طرف سے لاہور اور پنجاب کے لیے احتجاج کا پلان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت 24 نومبر کے احتجاج کے معاملے پر لاہور اور پنجاب میں احتجاج کا پلان بدل سکتی ہے،لاہور کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی طرف سے پنجاب کے دارالحکومت میں ہی احتجاج کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کی قیادت اور کارکن بتی چوک پر احتجاج کرسکتے ہیں، جس کو جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا لیڈ کریں گے، راستوں کی بندش کی وجہ سے دیگر اضلاع کے رہنما اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کریں گے جبکہ راستے کھلنے کے بعد وہ دیگر شہروں سے اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کل انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق آج رات بارہ بجے کے بعد انٹرنیٹ سروس بند کر دی جائے گی، ذرائع نے بتایاکہ موبائل فون نیٹ ورک کھلے رہیں گے تاہم انٹرنیٹ اور وائی فائی بند ہوگا جبکہ بڑے شہروں میں بھی انٹرنیٹ سروس بند ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔

Shares: