لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک فیملی نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک خاتون پولیو ورکر شدید زخمی ہوگئی جن کے سر پر اینٹ لگنے سے گہرا زخم آیا۔

انسدادِ پولیو ٹیم معمول کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پہنچی تھی۔ اس دوران ایک گھر کے افراد نے بچوں کو ویکسین پلوانے سے انکار کردیا۔ جب پولیو ٹیم کی خاتون ورکر نے والدین کو ویکسین کی اہمیت سمجھانے کی کوشش کی تو گھر میں موجود خاتون اور اس کی دو بیٹیوں نے غصے میں آکر ٹیم پر حملہ کردیا،عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران اینٹ پھینکی گئی جو خاتون پولیو ورکر کے سر پر لگی، نتیجتاً وہ موقع پر زخمی ہوگئیں۔ واقعے میں ٹیم کی اسکوٹی کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی ورکر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس ترجمان کے مطابق انسدادِ پولیو ٹیم کے انچارج کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں نامزد مرکزی خاتون اور اس کے دو بیٹے تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Shares: