لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے شاہدرہ میں شہری سے ڈکیتی کی واردات میں ملوث پولیس افسر نکلنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہلچل مچ گئی۔ ملزم کی شناخت سب انسپکٹر عمار کے نام سے ہوئی ہے، جسے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم سب انسپکٹر عمار تھانہ نیو انارکلی آپریشنز وِنگ میں تعینات تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً 10 روز قبل اس نے اپنے ایک ساتھی جو ایک ریکارڈ یافتہ ڈاکو بتایا جا رہا ہے کے ساتھ مل کر اسلامیہ کالونی کے علاقے میں ایک شہری کو لوٹا۔ واردات کے دوران شہری سے 4 لاکھ 70 ہزار روپے نقدی چھین لی گئی تھی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد ایس پی سٹی نے معاملے کا سخت نوٹس لیا اور ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے مستی گیٹ پولیس کے تعاون سے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر عمار کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ اس کے ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مزید تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے ملزم کو سی سی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کے اعلیٰ افسران نے اس افسوسناک واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وردی کی آڑ میں جرم کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کو مثالی سزا دی جائے تاکہ قانون کے محافظ دوبارہ عوام کا اعتماد حاصل کر سکیں۔








