لاہور،جوہر ٹاؤن کے پوش علاقے میں پالتو شیر نے حملہ کرکے ایک خاتون اور دو کمسن بچوں کو زخمی کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس اور وائلڈ لائف حکام حرکت میں آ گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فارم ہاؤس میں موجود پالتو شیر کا پنجرا کھلا رہ گیا، جس کے بعد شیر دیوار پھلانگ کر سڑک پر آ گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیر اچانک سڑک پر نمودار ہوتا ہے اور سامنے سے آتی ایک خاتون پر حملہ کر دیتا ہے۔اسی اثناء میں فارم ہاؤس سے ایک شخص شیر کے پیچھے بھاگتا ہے اور خاتون کو بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ شیر کچھ دیر بعد خاتون کو چھوڑ کر آگے بڑھتا ہے اور سامنے موجود دو بچوں کو بھی زخمی کر دیتا ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 27 سالہ ثمینہ، 7 سالہ اذہان اور 5 سالہ زویا شامل ہیں۔ تینوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم انہیں گہرے زخم آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مذکورہ فارم ہاؤس دو بھائیوں، ملک اعظم عرف شانی اور ملک ناظم، کی ملکیت ہے۔ واقعے کے بعد ملک اعظم شیر کو لے کر موقع سے فرار ہو گیا ہے جبکہ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف نے دونوں بھائیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیرقانونی طور پر خطرناک جانوروں کو پالنا انسانی زندگیوں کے لیے شدید خطرہ ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کے ترجمان کے مطابق فارم ہاؤس میں شیر رکھنے کی قانونی حیثیت کی تحقیقات جاری ہیں۔ شیر کو لے کر روپوش ہونے والے ملک اعظم کی تلاش میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی خطرناک جانور کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر وائلڈ لائف حکام کو دیں۔

Shares: