لاہور اور چمن چیمبرز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے صنعت و تجارت اور معیشت کے لیے مشترکہ کوششیں کریں اور باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور صدرچمن چیمبر جلات خان اچکزئی نے دستخط کیے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شیخ سجاد افضل، سلیم اصغر بھی اور محمد علی افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر چمن چیمبر جلات خان نے کہا کہ چمن بلوچستان کا دوسرا بڑا شہر ہے جو تجارت کے حوالے سے بہت اہم اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر پر انفراسٹرکچر بہر کرکے مغربی ہمسایہ ممالک اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چمن میں ایک ہزار ایکڑ پر سپیشل اکنامک زون تعمیر کیا جارہا ہے جو تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے وفد کو چمن چیمبر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ نجی شعبہ کی طاقت اتحاد میں پنہاں ہے لہذا باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اپنے ممبران کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھااور نئی کاروباری تکنیکوں سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے اپنے ممبران کی سہولت کے لیے ایک چھت تلے بہت سے سرکاری اداروں کے ہیلپ ڈیسک قائم کیے ہیں، دیگر چیمبرز کو بھی یہ قدم اٹھانا چاہیے۔

Shares: