پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ خدمت کا رمضان مہم کے تحت ملک بھر میں ہزاروں سحرو افطار دسترخوان لگائے گئے ہیں. انتخابات کے دنوں میں عوام کے ساتھ رابطہ قائم کرنا اور پھر انہیں فراموش کر دینا مفادات کی سیاست کہلاتا ہے، ہم عوام کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہر مرحلے پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں.مولانا حامد الحق حقانی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئےکیا. اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک، ترجمان تابش قیوم بھی موجود تھے. خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ ہمارا نعرہ خدمت کی سیاست کا تھا.ہم مفادات کی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کر رہے ہیں. سیاسی جماعتیں انتخابات کے دنوں میں عوام سے رابطے کرتی ہیں ہمارا عوام کے ساتھ ہمیشہ رابطہ رہتا ہے.مولانا حامد الحق حقانی پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں. دہشت گردی کے خلاف سب ایک ہیں. مرکزی مسلم لیگ نے ہمیشہ اتحاد امت کی بات کی ہے. احتجاج اور فسادمیں فرق ہونا چاہئے . احتجاج جمہوری حق لیکن احتجاج کے نام پر ملک میں انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کی اجازت نہیں ہونی چاہئے.
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ رمضان المبارک کے بعد بھی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی. خدمت کی سیاست کے منشور سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے دعوے تو کر رہی ہیں لیکن حقیقت میں عوام کو ریلیف نہیں مل رہا.مہنگائی بڑھ چکی.غریب عوام پر ٹیکس لگائے جا رہے. بجلی، گیس کے بلوں میں اضافے اور روزگار کا نہ ہونا، ہر سطح پر شہری پریشان ہیں. اسی لئے مرکزی مسلم لیگ نے ملک بھر میں سحر و افطار دسترخوان لگانے کا منصوبہ بنایاتا کہ شہریوں کو سحری و افطاری میں آسانی ہو.