لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، کئی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے
مستی گیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک دو رکنی موٹر سائیکل و رکشہ چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکلیں، 1 چنگ چی رکشہ، موبائل فون اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ملزمان نے لاہور کے مختلف علاقوں، بشمول اندرون سٹی میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ گینگ زیادہ تر مارکیٹوں، بازاروں اور رش والے مقامات پر وارداتیں کرتا تھا اور بغیر لاک کے کھڑی موٹر سائیکلوں کو چوری کر کے فرار ہو جاتا تھا۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں سرغنہ خلیل اور اس کا ساتھی فاروق شامل ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او مستی گیٹ نجم علی عباسی نے کہا کہ گینگ کی گرفتاری پر ایس پی سٹی قاضی علی رضا کی جانب سے پولیس ٹیم کو شاباش دی گئی۔ایس پی سٹی قاضی علی رضا نے کہا کہ سٹریٹ کرمنلز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور اس قسم کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید کی کرائم میٹنگ
ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے اپنے دفتر میں کرائم میٹنگ کی، جس میں صدر ڈویژن کے تھانوں کے انچارجز اور انویسٹی گیشن آفیسرز نے شرکت کی۔ محمد نوید نے پینڈنگ روڈز اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انچارجز کو پرفارمنس بہتر بنانے کے لیے 2 روز کی مہلت دی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلقہ مقدمات کی تفتیش میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ پر زور دیا جائے گا۔
ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی
ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے رواں ماہ کے دوران 90 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان گرفتاریوں کے دوران پولیس نے 57 کلو 675 گرام چرس، 5 کلو 60 گرام ہیروئین، 7 کلو 136 گرام آئس اور 253 لیٹر شراب برآمد کی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ڈرائیور کی مونچھیں، بھنویں اور سر کے بال مونڈ نے والا ملزم گرفتار
کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شہری کے ساتھ نازیبا سلوک کی ویڈیو وائرل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم ملک شبیر نے غصے میں آکر ایک ڈرائیور کی مونچھیں، بھنویں اور سر کے بال مونڈ ڈالے تھے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے ایس ایچ او کاہنہ اور اس کی ٹیم کو فوری کارروائی پر شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے ساتھ ہونے والے اس انسانیت سوز واقعہ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
مانگا منڈی پولیس نے 3 رکنی موٹر سائیکل چور اور موبائل سنیچر گینگ کو گرفتار کر لیا
لاہور پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ مانگا منڈی پولیس نے 3 رکنی موٹر سائیکل چور اور موبائل سنیچر گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں مہتاب، عبداللہ اور محسن علی شامل ہیں، جو کئی بار جیل جا چکے ہیں۔ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور ہزاروں روپے نقدی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
24 گھنٹوں کے دوران 13 گینگز کا خاتمہ اور 28 کارندوں کو گرفتار
پنجاب پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 گینگز کا خاتمہ کیا اور 28 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ اس دوران پولیس نے 280 اشتہاری مجرمان، 199 عدالتی مفرور اور 67 ٹارگٹڈ آفنڈرز کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 13 رائفلز، 90 پسٹلز، 9 بندوقیں اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔
قبل ازیں ایس ایچ او اقبال ٹاؤن کی پولیس ٹیم نے گن پوائنٹ پر واردات کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان اویس اور فاروق نے موبائل فون اور خواتین کے پرس چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ ان کے قبضے سے 3 موبائل فونز، ایک 30 بور پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن بلال احمد نے ایس ایچ او اقبال ٹاؤن عامر شہزاد اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ سٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اس طرح کی کارروائیاں لاہور پولیس کی جانب سے مسلسل جاری ہیں تاکہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔