لاہور پولیس نے دو انتہائی خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق اکبری گیٹ پولیس نے اشتہاری ملزم رضوان کو گرفتار کیا، جو دہشتگردی، پولیس مقابلے، ڈکیتی اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم رضوان پر 10 سال پہلے پولیس پر فائرنگ کرنے کا الزام تھا، اور یہ ملزم 15 مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس حکام نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری لاہور پولیس کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اسے مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔دوسری جانب ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق احمد تارڑ کے مطابق، مشتاق نامی اشتہاری ملزم کو فیصل ٹاؤن پولیس نے بہاولپور سے گرفتار کیا۔ ملزم مشتاق پر 13 سال پہلے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک بینک مینیجر کے گھر واردات کرنے کا الزام تھا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ملزم مشتاق کا ریکارڈ کئی سنگین جرائم سے بھرا ہوا ہے، اور اس کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
پولیس حکام نے دونوں ملزمان کی گرفتاری کو لاہور میں قانون کی حکمرانی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔