لاہور کے فیکٹری ایریا میں سی سی ڈی ڈیفنس کی ٹیم اور مبینہ ملزمان کے درمیان پیش آنے والے پولیس مقابلے میں زیر حراست دو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک اور علیحدہ واقعے میں سبزہ زار کے علاقے سے ایک زخمی ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق سی سی ڈی ڈیفنس کی ٹیم نے مختلف مقدمات میں گرفتار دو ملزمان، مون اور حفیظ کو تفتیش کے سلسلے میں والٹن روڈ کے قریب ریکوری کے لیے لے جا رکھا تھا۔ اس دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان، جو کہ مبینہ طور پر مون اور حفیظ کے ساتھی تھے، نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں زیر حراست دونوں ملزمان گولیوں کی زد میں آکر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گولیاں ان کے اپنے ساتھیوں کی جانب سے چلائی گئیں۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو جنرل ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ایک اور واقعہ لاہور کے سبزہ زار کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن پولیس نے ایک مشتبہ کار چور کو مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت راشد کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ کار چوری کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مقابلے کے دوران راشد کو گولی لگی، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ راشد سے ابتدائی تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ دونوں واقعات کی مکمل انکوائری کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔