پاکستان میں سموگ اور دھند کا راج برقرار ہے،صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سموگ اور دھند کا راج برقرار ہے جبکہ آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج بھی دنیا بھر کے شہروں میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔موٹروے سموگ کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے تو وہیں لاہور میں پروازوں کا عمل بھی متاثر ہوا ہے
لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 790 ریکارڈ کی گئی، ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1324 تک جا پہنچا، سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا اے کیو آئی 1210 جبکہ غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 850 ریکارڈ کیا گیا، پاکستان میں سب سے آلودہ شہر رحیم یار خان رہا جہاں 822 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے، اسی طرح لودھراں میں 722 جبکہ فیصل آباد میں 605 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے۔
سموگ اور دھند کے باعث موٹروے کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،موٹروے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے کو مسافروں کی حفاظت کیلئے بند کیا گیا ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور سموگ کے باعث حد نگاہ 200 میٹر پر پہنچ گئی ہےحد نگاہ کم ہونے کے باعث لاہور آنے والی پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے،کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 401 حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے لینڈ نہ ہو سکی، لاہور کی حدود میں 10 منٹ سے زائد چکر لگانے کے بعد پرواز کا رخ واپس موڑ دیا گیا، جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز 738 رات 12 بجے کی بجائے تقریباً 10 گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی،نجی ایئرلائن کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز 822 شام ساڑھے 7 جبکہ نجی ایئرلائن کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز 417 شام 6 بجے تک تاخیر کا شکار ہے،اسی طرح غیر ملکی ایئرلائن کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز 734 ساڑھے 10 کے بجائے ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی جبکہ نجی ایئرلائن کی شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 501منسوخ کر دی گئی ہے