حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق گورنمنٹ ملی دارالاطفال گرلزسکول راجگڑھ میں سٹوڈنٹس کونسلز کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق وزارتِ تعلیم حکومت پنجاب نے اسٹوڈنٹس کونسل کے ضابطہ اخلاق اور انتخابی شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات ہوئے،جس میں طلبہ و طالبات نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کا انتخاب کیا، شیڈول کے مطابق ہر کلاس میں ایک ایک کلاس نمائندہ منتخب کیا گیا، اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات کا مقصد سکولوں کے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں طلبہ کی عملی شرکت یقینی بنانا ہے، جلد تمام سٹوڈنٹس کونسلز کے نمائندے حلف اٹھائیں گے۔

گورنمنٹ ملی دارالاطفال گرلزسکول راجگڑھ میں صدر کا انتخاب میرب فاطمہ نے جیت لیا، میرب فاطمہ جماعت دہم کی طالبہ ہیں جنہوں نے بھر پورانداز میں انتخابی مہم چلائی اور کامیابی حاصل کی،عائشہ جاوید بطور نائب صدر کامیاب ہوئی ہیں، خدیجہ عمران نے سیکرٹری جنرل کی نشست پر کامیابی حاصل کی،فاطمہ گیلانی فنانس سیکرٹری کی نشست پر انتخاب جیتی ہیں، کامیابی پر پرنسپل و اساتذہ نے طالبات کو مبارکباد دی ہے.

اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات کے دوران گورنمنٹ ملی دارالاطفال گرلز سکول راجگڑھ میں برطانوی قونصل کے وفد نے بھی دورہ کیا اور طالبات کی جانب سے انتخابی سرگرمیوں کاجائزہ لیا، اس دوران برطانوی وفد نے سکول کی پرنسپل اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی، وفد کی قیادت رچرڈ بارلو کر رہے تھے، وفد کے دیگر اراکین میں پروگرام منیجر برٹس قونصل رخسانہ عاصم،ڈائریکٹر آف برٹس کونشل طلحہ چشتی شامل تھے، برطانوی وفد نے پولنگ کا بھی جائزہ لیا اور طالبات سے بات چیت کی، برطانوی وفد نے بھر پور طریقے سے انتخابی عمل میں حصہ لینے پر طالبات کے جذبے کو سراہا.

گورنمنٹ ملی دارالاطفال گرلز سکول راجگڑھ میں اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات کے لئے باقاعدہ انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا، شیڈول کے مطابق انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جا چکا ہے تا ہم دھاندلی و دیگر شکایات پر کل 17 مئی کو الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی جا سکتی ہے،انتخابات میں امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے مختلف نشانات جاری کئے گئے تھے، طالبات نے بھر پور انداز میں مہم چلائی اور کامیابی حاصل کی.پولنگ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے، امیدواروں کی جانب سے پولنگ ایجنٹ بھی مقرر کئے گئے تھے، وہیں طالبات نے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ ووٹنگ کا مرحلہ مکمل کیا.

گورنمنٹ ملی دارالاطفال گرلز سکول راجگڑھ کی پرنسپل ڈاکٹر شوکت اقبال نے اسٹوڈنٹس کونسل میں کامیاب ہونے والی طالبات کو کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا اسٹوڈنٹس کونسل کے قیام کا مقصد طالبات کی تربیت ہے، طالبات کو بھی آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہئے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اسٹوڈنٹس کونسل کے قیام کا عمل انتہائی خوش آئند ہے، اسے طلبا و طالبات کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا .حکومت پنجاب کے اس اقدام سے بچوں میں قائدانہ صلاحیتیں اجاگر ہوں گی اور وہ اپنے ساتھی طلباء وطالبات کے ساتھ ملکر سکولوں کو بہتر بنانے کیلئے اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

Shares: