لاہور میں بارش کے بعد بجلی غائب،چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش کے بعد چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے
لاہور میں مکان کی چھت گرنےسے 3 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں،ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل جاری ہے، مکان کی چھت گرنے کا واقعہ بند روڈ سگیاں پل کے قریب پیش آیا،اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور چھت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے، اب تک 3 لاشیں نکالی جا چکی ہیں
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 20 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں،ملبے تلے سے نکالی جانے والی لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں صبح سویرے بارش ہوئی جس کے بعد ہمیشہ کی طرح لیسکو کے 45 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا اور مون سون کا سپیل اتوار تک شہر میں بارش برساتا رہے گا۔بارش کے بعد شہر کی پھر وہی صورتحال رہی، کئی علاقوں میں بارشی پانی جمع ہو گیا۔ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش سے ایک مرتبہ پھر لیسکو کا ترسیلی نظام بھی ٹھنڈا ہو گیا اور 45 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، شہر کے کی علاقوں کی بجلی بند ہوگئی جو ابھی تک بحال نہ ہو سکی
واضح رہے کہ پنجاب میں بارشیں ہو رہی ہیں اور بارشوں کی وجہ سے چھتیں گرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،گزشتہ روز سرگودھا کے علاقے اسلام آباد کالونی میں بارش کے باعث چھت گرنے سے مزدورجاں بحق ،2زخمی ہو گئے تھے،سیالکوٹ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ،دوسری زخمی ہو گئی تھی،کامونکی میں بارش کے باعث گھرکی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ،خاتون زخمی ہو گئی تھی