لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) میری خیل قوم کے مشران کی جانب سے لگائے گئے حالیہ الزامات کو بے بنیاد، من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مولانا تاج علی شاہ نے اپنے رفقا کے ہمراہ ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ جاوید، حاجی ماسم، کتاب شاہ، عظمت شیر اور امتحان شاہ بھی موجود تھے۔

مولانا تاج علی شاہ نے وضاحت کی کہ ان پر واٹر سپلائی اسکیم کی منتقلی سے متعلق جو الزامات لگائے جا رہے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں، بلکہ یہ سب ان کی ساکھ کو مجروح کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی خود کو میری خیل قوم سے منسلک نہیں کیا، نہ ہی کسی قوم کی نمائندگی کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کے علم میں کسی مبینہ لیٹر کی موجودگی بھی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت کے پیش نظر انہوں نے علامہ نور الحق قادری سے واٹر سپلائی اسکیم کے لیے درخواست کی تھی، جس کے بعد عدنان قادری کی قیادت میں اس منصوبے کی منظوری دی گئی۔ منصوبہ تمام قانونی تقاضوں، فزیبلٹی رپورٹ اور علاقہ مکینوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا۔

مولانا تاج علی شاہ کا کہنا تھا کہ جس جگہ ٹیوب ویل نصب کیا جا رہا ہے وہ زمین انہوں نے ذاتی طور پر وقف کی ہے تاکہ عوام کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہی افراد جو اس منصوبے کی منظوری پر مبارکباد دینے آئے تھے، اب سیاسی یا ذاتی مفادات کی بنا پر ان پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کا ہر قدم علاقہ کی خدمت کے جذبے سے اٹھایا گیا ہے اور وہ حلفاً کہتے ہیں کہ ان کی نیت اس منصوبے میں بالکل صاف ہے۔ مخالفین کے پاس الزامات کے کوئی شواہد موجود نہیں اور محض الزام تراشی سے حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔

Shares: