لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے شینواری قبیلے کے باہمت نوجوان ڈاکٹر نذر جان شینواری نے کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے موضوع پر پی ایچ ڈی مکمل کر کے علاقے کا نام روشن کر دیا۔ وہ ضلع خیبر سے اس جدید اور اہم مضمون میں ڈاکٹریٹ مکمل کرنے والے پہلے سکالر بن گئے ہیں۔

ڈاکٹر نذر جان ولد حاجی عالم خان سکنہ فاطمی خیل لنڈی کوتل نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) پشاور کے شعبہ کمپیوٹر سائنس سے "Artificial Intelligence Based Minerals Recognition and Mapping Using Special Remote Sensing” کے عنوان سے کامیابی کے ساتھ اپنا تھیسز مکمل کیا اور کامیابی سے دفاع بھی کیا۔ ان کے سپروائزر پروفیسر ڈاکٹر نصر من اللہ تھے جبکہ تھیسز پر ممتحن حضرات نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر نذر جان کی اس شاندار کامیابی پر نہ صرف شینواری قبیلہ بلکہ پورے پشتون قبائل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کی شرح مایوس کن حد تک کم ہے اور ایسے حالات میں ایک نوجوان کا مصنوعی ذہانت جیسے جدید ترین مضمون میں پی ایچ ڈی مکمل کرنا نہ صرف شینواری قبیلے بلکہ پورے ضلع خیبر کے لیے ایک نمایاں اعزاز ہے۔

Shares: