لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) یتیم بچوں کے حقِ میراث کے معاملے میں جرگہ کا متنازعہ فیصلہ سامنے آنے پر احمد ذبیح اللہ شینواری نے اپنے بھانجوں کے ساتھ خیبر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جعلی فیصلے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھانجوں کے والد مرحوم علاؤالدین 2009 میں انتقال کر گئے تھے مگر 2017 کے جرگہ فیصلے میں ان کے جعلی دستخط کرائے گئے جو کھلی دھاندلی اور ظلم ہے۔
ذبیح اللہ نے کہا کہ حارث، اشتیاق، سدیس اور عمریس نے اپنے چچاؤں کے خلاف حقِ میراث کے لیے ڈی آر سی لنڈی کوتل میں کیس جمع کرایا تھا لیکن جرگہ ممبران کو مخالف فریق کی مرضی سے چنا گیا اور یتیم بچوں کے ساتھ مشاورت نہیں کی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حارث کو دباؤ ڈال کر زبردستی جعلی بیان اور دستخط کروائے گئے جبکہ جرگہ ممبران نے انصاف کی بجائے یکطرفہ فیصلہ دیا۔ احمد ذبیح اللہ نے ڈی پی او خیبر اور ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی خود نگرانی کریں تاکہ یتیم بچوں کو ان کا حق دلایا جا سکے اور انہیں انصاف فراہم ہو۔
احمد ذبیح اللہ نے دعویٰ کیا کہ ان بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے جعلی دستاویزات اور جرگہ کے یکطرفہ فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔