لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا شاہ فہد نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر خیبر انجینئر شارق ریاض خٹک کے ہمراہ لنڈی کوتل میں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے قائم افغان مہاجرین کیمپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شارق ریاض خٹک نے ڈائریکٹر جنرل شاہ فہد کو کیمپ میں قائم ریسکیو 1122 کیمپ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز نے اب تک مختلف نوعیت کی 89 ایمرجنسیز میں اپنی خدمات سرانجام دی ہیں، جن میں طبی ایمرجنسیز کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین اور بچوں کی بحفاظت پیدائش بھی شامل ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر متعدد زخمیوں اور مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں مزید علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو 1122 کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کرتی ہیں۔ افغان مہاجرین کے لیے قائم اس کیمپ میں بھی بڑی تعداد میں مسافروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر صوبائی حکومت اس اہم ادارے کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریسکیو 1122 نہ صرف ایمرجنسیز میں فوری ردعمل دیتی ہے، بلکہ ان کے تدارک کے لیے بھی فعال طور پر کام کر رہی ہے۔

Shares: