لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)جونیئرز ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر، زوہیب کرکٹ کلب فاتح قرار

لنڈی کوتل کے شیخمل خیل عالم خانی کرکٹ گراؤنڈ پر جاری جونیئرز ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کے فوکل پرسن حاجی عظمت علی شینواری تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں لنڈیکوتل پریس کلب رجسٹرڈ کے جنرل سیکرٹری شاہد شینواری، مہران قادری، ثاقب قادری اور نجیب شینواری شامل تھے۔

ٹورنامنٹ میں لنڈی کوتل بھر سے کل 10 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں سے عبداللہ کرکٹ کلب اور زوہیب کرکٹ کلب نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ فائنل میچ میں زوہیب کرکٹ کلب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 163 رنز بنائے۔ عبداللہ کرکٹ کلب ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی، اور زوہیب شینواری کو فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی حاجی عظمت علی شینواری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی کھیلوں میں شرکت علاقے کی ترقی کے لیے خوش آئند ہے اور وہ آئندہ بھی اس قسم کی سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔

Shares: