لنڈی کوتل (باغی ٹی وی،تحصیل رپورٹر)ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں "منشیات کا خاتمہ، ہم سب کا فریضہ” کے عنوان سے ایک اہم میٹ دی پریس سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی رہنما، علما کرام، پولیس افسران اور انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے نوجوان نسل کو نشے کی لت سے بچانے اور منشیات فروشوں کے خلاف مربوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔

میٹ دی پریس میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ خیبر کے دیہی و شہری علاقوں میں منشیات کا ناسور تیزی سے پھیل رہا ہے اور نوجوان بڑی تعداد میں نشہ آور اشیاء کے عادی بن چکے ہیں، جس سے معاشرہ اندر سے کھوکھلا ہوتا جا رہا ہے۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر منشیات کی روک تھام، عادی افراد کی بحالی اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرے۔

اس اہم اجلاس میں صدر خیبر سپورٹس کلب و سینیئر کسٹم کلیئرنس ایجنٹ معراج الدین شینواری، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ساجد علی آفریدی، رہنما جماعت اسلامی و ممبر تحصیل کونسل عبدالروف شینواری، پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر ابودردا شینواری، جے یو آئی ف کے جنرل سیکرٹری مولانا عاقب شینواری، ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی عظیم اللہ شینواری، ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین شریک ہوئے۔

صدر سپورٹس کلب معراج الدین شینواری نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ منبر و محراب کے ذریعے معاشرے کو منشیات کے خلاف شعور دیں اور حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی آواز عوامی ذہن سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ایس ایچ او عدنان آفریدی نے یقین دہانی کرائی کہ منشیات فروشوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوام اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس سے تعاون کریں اور منشیات کے متعلق اطلاع فوری دیں تاکہ کارروائی ممکن ہو سکے۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہاب الدین نے اپنی گفتگو میں کہا کہ منشیات کے خلاف مہم میں انتظامیہ ہر ممکن کردار ادا کرے گی، تاہم والدین، اساتذہ اور سماجی رہنما بھی اس جدوجہد میں شریک ہوں۔

دیگر مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشے سے بچانے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ والدین، اساتذہ، علماء، میڈیا اور سماجی تنظیموں کو بھی متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں کیونکہ یہی عمر منشیات فروشوں کے لیے آسان ہدف ہے۔

شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشی میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں تاکہ وہ دوسروں کے لیے نشان عبرت بنیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بھی کہا گیا کہ وہ نشے کے خلاف مؤثر آگاہی مہم چلائیں تاکہ خیبر اور پورے پاکستان میں ایک صحت مند معاشرہ قائم ہو سکے۔

Shares: