لنڈی کوتل(باغی ٹی رپورٹ) ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) کے سالانہ انتخابات برائے 2025 مکمل ہوگئے۔ انتخابات کی نگرانی الیکشن کمیٹی کے چیئرمین اشرف الدین پیرزادہ نے کی اور انتخابی نتائج کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
انتخابات میں مجموعی طور پر 16 ووٹ پول کیے گئے۔ شاہ رحمان شینواری نے 14 ووٹ حاصل کرکے مسلسل دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار صرف 2 ووٹ حاصل کر سکے۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر شاہد شینواری نے 12 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مدمقابل 4 ووٹ لے سکے۔ نائب صدر کے عہدے پر سائم خان افریدی اور پریس سیکرٹری کے عہدے پر رحیم افریدی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر فرہاد خان افریدی کے نمائندے بیرسٹر لیاقت شینواری، ڈی جی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے، اور مقامی سماجی و سیاسی شخصیات نے بطور مبصر شرکت کی۔ شرکاء میں ایڈوکیٹ قبیس شینواری، تحصیل بلدیاتی کونسل کے چیئرمین شاہ خالد، طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس کے صدر مجیب شینواری، قومی وطن پارٹی کے شعور افریدی، مسلم لیگ کی نیلم شینواری، جے یو آئی کے مولانا عاقب، اور دیگر معززین شامل تھے۔
نو منتخب صدر شاہ رحمان شینواری نے اپنے خطاب میں پریس کلب کے مسائل کے حل اور سرکاری پریس کلب بلڈنگ کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام اراکین کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔