لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) شینواری ماڈل کالج کے زیر اہتمام منشیات کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، تحصیل کونسل کے نمائندوں، فلاحی تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ واک کالج سے شروع ہو کر حمزہ بابا چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

واک کے شرکاء سے تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری، جماعت اسلامی کے مقتدر شاہ آفریدی، بنارس شینواری، ضیاء الحق آفریدی، کلیم اللہ شینواری، منظور علی شینواری، معرف آفریدی اور ڈی آر سی انچارج اسلام الدین شینواری نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو سازش کے تحت منشیات میں دھکیلا جا رہا ہے، جس کے خلاف پوری قوم کو کھڑا ہونا ہوگا۔

کالج کے پرنسپل عبید شینواری نے کہا کہ اس واک کا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے نقصانات سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے اور نشہ سے دور رہنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "منشیات سے پاک معاشرہ ہی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔”

Shares: