لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) سالانہ تاتارا کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کا افتتاح آج ڈے نائٹ ریسٹورنٹ میں ٹرافی کی شاندار تقریب رونمائی کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر اے این پی کے صوبائی رہنما حاجی شاہ حسین شینواری، خیبر چیمبر آف کامرس کے صدر یوسف آفریدی، تعمیر کریٹوں بلڈر کے سی ای او ضیاء الحق آفریدی، ملک دریا خان، ملک ماصل شینواری، سماجی کارکن حاجی شاکر آفریدی اور علاقے کے دیگر معززین نے شرکت کی۔

مشران نے خطاب میں کہا کہ یہ ٹورنامنٹ کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک مثبت روایت ہے جو کئی سالوں سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل میں نوجوانوں کا ٹیلنٹ بے مثال ہے، لیکن انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

تاتارا سپورٹس کمیٹی کے صدر عمران آفریدی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ یہ 43واں سالانہ ٹورنامنٹ ہے، جس میں 47 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، اور ٹورنامنٹ دو ماہ تک جاری رہے گا۔

تقریب سے ضیاء الحق آفریدی، شاہ حسین شینواری، اور یوسف آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف نوجوانوں کی جسمانی نشوونما بلکہ انہیں منشیات اور منفی سرگرمیوں سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران رہیں گے۔

انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے آگے آئیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ نیا ٹیلنٹ ابھر کر نہ صرف علاقے بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کرے۔

Shares: