لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)جماعت اسلامی لنڈی کوتل کے امیر مراد حسین آفریدی نے ضلع خیبر میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مالاکنڈ اور بونیر کی طرز پر متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، جماعت اسلامی کے رہنماؤں مراد حسین آفریدی، جنرل سیکرٹری امان اللہ آفریدی اور قاری سید حکیم نے شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں حکومت کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ 30 اگست کو ہونے والی تباہ کن بارشوں کے بعد بھی، نہ تو وفاقی اور نہ ہی صوبائی حکومت نے متاثرین کے لیے کوئی ٹھوس قدم اٹھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں نے اب تک نہ تو متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے اور نہ ہی نقصانات کا سروے کروایا ہے، جو کہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔

مراد حسین آفریدی نے یہ بھی بتایا کہ این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) اور پی ڈی ایم اے (پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی) نے بھی ایک بھی متاثرہ خاندان کو نقد امداد فراہم نہیں کی اور نہ ہی سروے شروع کیا ہے۔ انہوں نے پرانے سیلاب زدہ علاقوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کئی سال پہلے کے نقصانات کا بھی آج تک ازالہ نہیں ہو سکا۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگر فلاحی اداروں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو فوڈ پیکجز اور خیمے فراہم کرکے ان کی داد رسی کی ہے۔

مراد حسین آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبے پر فوری توجہ نہ دی تو وہ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جماعت اسلامی نے ہر متاثرہ علاقے کا دورہ کیا ہے اور عوام کے نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔

Shares: