لنڈی کوتل میں تاجروں کا احتجاج، وفاقی ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند

لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)خیبر ضلع کے جمرود میں تاجر برادری نے وفاقی حکومت اور ایف بی آر کے ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ انجمن تاجران جمرود بازار کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور آٹا ڈیلرز بھی شامل تھے۔

احتجاجی مظاہرین نے جمرود باب خیبر پر جمع ہو کر نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ تاجروں پر عائد کیے گئے نئے ٹیکسز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکسز نہ صرف تاجروں بلکہ عام عوام کے لیے بھی مہلک ثابت ہوں گے۔

انجمن تاجران جمرود بازار کے صدر، کاشف اقبال آفریدی نے کہا کہ "حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک میں تاجر برادری سڑکوں پر ہے۔ نئے ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور عوام کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔”

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے بھی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا میں آٹے کی سپلائی بند کر رکھی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر تاجروں پر عائد کیے گئے نئے ٹیکسز واپس لے، آٹے کی سپلائی بحال کرے اور عوام کے مسائل کا حل نکالے۔

Leave a reply