لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی مشران ملک تاج الدین شینواری اور ملک ذاکر اللہ نے کہا کہ پاک افغان شاہراہ پر عرصہ دراز سے موجود ٹریفک جام اور گاڑیوں کی لمبی قطاروں کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال سے قبائلی روایات پامال ہو رہی تھیں اور خواتین و مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم، ایف سی کے پی (نارتھ) حکام کی کوششوں سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹرز کو درپیش اذیت ختم ہو گئی۔
کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری نے بھی ایف سی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی لین دین کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے اور ایف بی آر کے ایس او پیز کے خلاف سرگرم عناصر کی روک تھام یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی غیر قانونی کاروبار کی حمایت نہیں کریں گے اور اب طورخم بارڈر پر قانونی تجارت کو فروغ ملے گا۔
پریس کانفرنس میں سابق صدر حضرت عمر نے کرپشن کے خاتمے کے فوائد کو سراہتے ہوئے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں جب بھی موجودہ سسٹم تبدیل ہوگا، کہیں دوبارہ کرپشن کی تاریکی میں نہ دھکیل دیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی (نارتھ) طورخم میں غیر قانونی سرگرمیوں کی مستقل روک تھام کے لیے زیرو پوائنٹ پر بینک کا قیام عمل میں لائیں اور جب تک بینک موجود نہیں ہوتا، تاجروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی ڈیجیٹل اسکینر کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت موجودہ پالیسیوں کو برقرار رکھے گی تاکہ دو طرفہ قانونی تجارت مزید ترقی کر سکے اور کرپشن کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔