لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)اساتذہ کی حقوق کے لیے لڑیں گے، پشاور کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، شریف اللہ آفریدی

تنظیم اساتذہ ضلع خیبر نے 22 جنوری کو پشاور میں ہونے والے سرکاری ملازمین کے احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اظہار تنظیم کے صدر شریف اللہ آفریدی، لنڈی کوتل کے صدر ملک نادرشاہ اور جمیل آفریدی نے ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

شریف اللہ آفریدی نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور پنشن کے پرانے طریقہ کار کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 22 جنوری کو پشاور میں ہونے والے احتجاج میں اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین بھرپور شرکت کریں گے تاکہ پنشن میں کمی کے خلاف اور پرانے نظام کی بحالی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی اشرافیہ اپنی مراعات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے جبکہ غریب سرکاری ملازمین کی پنشن میں کمی کی جا رہی ہے جو کہ ان کے بڑھاپے کا سہارا ہے۔ آفریدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرے اور پنشن کے پرانے نظام کو بحال کرے۔

آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے، تو 22 جنوری کو لاکھوں ملازمین پشاور کا رخ کریں گے اور اپنے حقوق کے حصول تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

Shares: