لنڈی کوتل: فلاحی کارکن پر پولیس تشدد، ایس ایچ او عدنان آفریدی معطل
لنڈی کوتل،باغی ٹی وی (نامہ نگارمہد شاہ شینواری) ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں فلاحی کارکن ثواب نور شینواری پر پولیس تشدد کے معاملے پر ایس ایچ او عدنان آفریدی کو معطل کر دیا گیا۔
ثواب نور شینواری کے مطابق انہوں نے مچنی چیک پوسٹ پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے ٹرانسپورٹرز سے غیر قانونی رقم لینے کی ویڈیو فیس بک پر اپلوڈ کی تھی۔ ویڈیو کے بعد پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر انہیں پک اپ میں ڈال کر تھانے لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کا دعویٰ تھا کہ ثواب نور کا ایک اہلکار سے جھگڑا ہوا تھا، تاہم واقعے نے مقامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا۔ پاک افغان شاہراہ احتجاجاً بند کر دی گئی تھی۔
آج ایس پی انویسٹیگیشن روح الامین کے ساتھ تحصیل کونسل کے چیئرمین شاہ خالد شینواری، حاجی ماصل شینواری اور دیگر مشران کے کامیاب مذاکرات کے بعد ایس ایچ او عدنان آفریدی کو 10 دن کے لیے معطل کر دیا گیا۔ اس دوران انکوائری کمیٹی معاملے کی شفاف تحقیقات کرے گی۔
مذاکرات اور ایس ایچ او کی معطلی کے بعد پاک افغان شاہراہ کو دو روز بعد کھول دیا گیا، جس سے عوام کو ریلیف ملا۔