کراچی: کورنگی مدینہ کالونی سے شادی والے دن پراسرار طور پر لاپتا ہونے والا دلہا جہانزیب واپس اپنے گھر پہنچ گیا۔ اہلخانہ اور پولیس کے مطابق جہانزیب کی صحت اس وقت ایسی نہیں کہ وہ تفصیلات بیان کر سکے، تاہم ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانزیب سے اس کی گمشدگی اور واپسی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ اہلخانہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فی الحال جہانزیب کی حالت ایسی نہیں کہ وہ کچھ بتا سکے، اسی لیے مزید تفصیلات بعد میں سامنے لائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ 11 ستمبر کو پیش آیا تھا جب جہانزیب شادی کے روز شام 6 بجے سیلون جانے کے لیے نکلا، تاہم وہ وہاں نہ پہنچ سکا۔ بعد ازاں سیلون والوں نے ساڑھے 7 بجے فون کرکے اہلخانہ کو اطلاع دی کہ جہانزیب سیلون نہیں آیا۔اس واقعے پر جہانزیب کے والد نے تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج کرایا اور الزام عائد کیا تھا کہ ان کے بیٹے کو اغوا کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ابتدائی طور پر پولیس کا مؤقف تھا کہ گمشدگی کے معاملے میں اغوا سمیت تمام پہلوؤں کو دیکھا جا رہا ہے۔ اب جبکہ جہانزیب بحفاظت واپس آگیا ہے، پولیس مزید تحقیقات کے بعد اصل صورتحال سے پردہ اٹھائے گی۔