کراچی میں سی ویو کے قریب اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں مرد اور خاتون کی لاشیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے، جس کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ موت گاڑی کے اندر گیس بھر جانے سے واقع ہوئی۔
ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق گاڑی کے اندر آکسیجن کی کمی اور گیس جمع ہونے کے باعث دم گھٹنے سے دونوں افراد کی جان گئی، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی وجوہات پوسٹ مارٹم کی تفصیلی رپورٹ آنے پر واضح ہوں گی۔ اس ضمن میں فرانزک اور کیمیکل ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ فی الحال درج نہیں کیا گیا، تاہم متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ حادثاتی لگتا ہے لیکن تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات جاری ہیں۔
لاشوں میں سے مرد کی شناخت شہباز ملک کے نام سے ہوئی ہے جو ایک ریٹائرڈ سرکاری افسر تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت کے لیے ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے اور ان کے لواحقین کو تلاش کیا جا رہا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس کا تکنیکی معائنہ بھی کرایا جائے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ گیس کس وجہ سے جمع ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ طے ہوگا کہ یہ حادثہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور پہلو موجود ہے۔