برطانیہ نے پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے ای ویزا (Electronic Visa) کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کا اطلاق 15 جولائی سے ہو گا۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق اب طلبہ اور پروفیشنل ویزا ہولڈرز کو اپنے پاسپورٹ پر اسٹیکرویزا کی ضرورت نہیں ہوگی اور فزیکل ویزے کی جگہ ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس یا ای ویزا دیا جائے گا۔برطانوی ہائی کمیشن نے بتایا کہ ای ویزا نظام کے تحت ویزا ہولڈرز کا قیام اور ویزے کی شرائط کا آن لائن ریکارڈ رکھا جائے گا جسے UKVI (یو کے ویزا اینڈ امیگریشن) کے اکاؤنٹ میں لاگ ان کر کے چیک کیا جا سکتا ہے۔ اس نئے نظام کے ذریعے امیگریشن کے عمل کو آسان، محفوظ اور تیز تر بنایا جائے گا،ہائی کمیشن کے مطابق لاکھوں افراد پہلے ہی ای ویزا سسٹم کو کامیابی سے استعمال کر چکے ہیں، اور نئی سہولت کے ذریعے وقت کی بچت ہوگی جبکہ افراد اپنے پاسپورٹ کو خود اپنے پاس رکھ سکیں گے جس سے اضافی سہولت حاصل ہوگی۔

برطانوی ہائی کمیشن کی ترجمان جین میریٹ نے کہا ہے کہ ای ویزا کا نفاذ امیگریشن اسٹیٹس یا قیام کی شرائط پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالے گا۔ اس نظام کو خاص طور پر طلبہ، گلوبل ٹیلنٹ، اسپورٹس پرسنز، اور ہنر مند ورکرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عارضی کام، بزنس موبیلٹی اور یوتھ اسکیم کے ویزوں پر بھی ای ویزا کا اطلاق ہوگا۔ہائی کمیشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ای ویزا رکھنے والے افراد اپنا پاسپورٹ UKVI اکاؤنٹ سے منسلک کر سکیں گے تاکہ ویزا کی تصدیق اور اپ ڈیٹس کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار ہو جائے۔

یہ نیا نظام برطانیہ میں تعلیم اور پیشہ ورانہ مواقع حاصل کرنے والے پاکستانیوں کے لیے بہت بڑی سہولت ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف امیگریشن کے عمل میں آسانی آئے گی بلکہ بین الاقوامی سفر کے دوران بھی مشکلات کم ہوں گی۔

Shares: