ضلع لیہ میں کاروکاری کا ایک اور خوفناک واقعہ سامنے آگیا

0
36

ڈیرہ غازی خان :آر پی او فیصل رانا نے ضلع لیہ میں ”کاروکاری“ قرار دے کر باپ کے ہاتھوں قتل ہونے والی لڑکی کی لاش دفنانے کی کوشش ناکام بنا دی-

باغی ٹی وی : ترجمان ریجنل پولیس ڈی جی خان کے مطابق آر پی او فیصل رانا نے ضلع لیہ میں ”کاروکاری“ قرار دے کر باپ کے ہاتھوں قتل ہونے والی لڑکی کی لاش دفنانے کی کوشش ناکام بنا دی ملزم باپ کو حراست میں لے لیا گیا،سماجی حلقوں کی طرف سے ”کاروکاری“ کی قبیح روائت کے خلاف فیصل رانا کی ”ایگریسو پولیسنگ“ کی سوشل میڈیا پر تعریف کی جا رہی ہے-

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کو اطلاع ملی کے ضلع لیہ کے تھانہ چوک اعظم کے علاقہ چک نمبر7420ٹی ڈی اے کے رہائشی باپ نے17/18سالہ بیٹی کو ”کاروکاری“ قرار دے کر رات گئے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا،ملزم جرم چھپانے کے لئے بیٹی کے قتل کو طبعی موت قرار دے کر دفنانے کی کوشش کر رہا ہے-

آر پی او فیصل رانا نے فوری طور پر ڈی پی او لیہ کو لاش بر آمد کرنے اور ملزم کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کی،آر پی او فیصل رانا کے بار بار ٹیلی فون پر فالو اپ لئے جانے کی وجہ سے پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولہ لڑکی کی لاش کو دفنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم باپ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی،–

ڈی پی او لیہ ندیم رضوی نے آر پی او فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ چوک اعظم کے علاقہ چک نمبر7420ٹی ڈی اے کے رہائشی ملزم عبد الرشید کو اپنی 17/18 سالہ بیٹی سدرا بی بی پر شک تھا کہ اس کے عبد الطیف نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں ملزم عبد الرشید نے اپنی بیٹی سدرا بی بی کو ”کاروکاری“ قرار دیتے ہوئے رات 3بجے سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا-

ملزم جرم چھپانے کے لئے لاش کو دفنانا چاہتا تھا،مقتولہ سدرا بی بی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ ملزم عبد الرشید سے تفتیش جاری ہے-

آر پی او فیصل رانا نے ملزم باپ کی طرف سے قتل کی گئی بیٹی کی لاش کو دفنانے کی کوشش ناکام بنانے اور ملزم باپ کو حراست میں لینے پر لیہ پولیس کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ ریاستی قانون کی موجودگی میں کوئی شخص بھی انا پرستی کے خول میں بند ہو کر اپنے قانون بنا کر کسی کی جان نہیں لے سکتا ہم نے خواتین کو ہر قسم کے تشدد سے بچانا ہے-

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن اور آئی جی پنجاب انعام غنی کی ہدایات کے مطابق ہم نے ڈی جی خان ریجن کے چاروں اضلاع سے ”کاروکاری“ کی قبیح اور ریاستی قانون کو چیلنج کرنے والی روائت کو قانون کی طاقت سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے-

انہوں نے کہا کہ پولیس زیر حراست ملزم سے تفتیش کر کے اس وقوعہ کے دیگر سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرےآر پی او کو بتایا گیا کہ وقوعہ کا مقدمہ تھانہ چوک اعظم کے سب انسپکٹر محمد شریف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے-

آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ قانون شکنی کے جن واقعات میں معاشرتی اور سماجی دباؤ اور مجبوریوں کی وجہ سے متاثرہ پارٹی کا کوئی شخص مدعی مقدمہ بننے سے گریزاں ہے تو ایسے واقعات میں پولیس مدعی بنے گی انہوں نے ہدایت کی کہ ٹھوس شواہد کے ساتھ ملزم یا ملزمان کو چالان کیا جائے تاکہ عدالت سے قانون کے مطابق عبرتناک سزا مل سکے۔

Leave a reply