ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹرشاہد خان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیہ میں ہونہار اسکالرشپ فیز ٹو اور لیپ ٹاپ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ہزاروں طلبہ میں لیپ ٹاپ اور نقد وظائف تقسیم کیے گئے۔ سپورٹس اسٹیڈیم لیہ میں منعقدہ پُروقار تقریب میں طلبہ و طالبات نے وزیر اعلیٰ کا والہانہ استقبال کیا، نعرے لگائے اور تالیوں کی گونج میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب میں یونیورسٹی آف لیہ کی طالبہ نے منظوم کلام کے ذریعے وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ نے ہاتھ سے بنے ہوئے پنسل اسکیچز اور پورٹریٹس بھی وزیر اعلیٰ کو پیش کیے۔ وزیراعلیٰ نے نہ صرف طالبات کو گلے لگایا بلکہ بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ پنجاب کی روایتی شال پہن کر اور ”پنجاب دی پگ…… پنجاب دی دھی رانی دے سنگ“ جیسے نعروں میں ان کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔

ڈی جی خان، مظفرگڑھ، لیہ اور راجن پور کے طلبہ و طالبات میں 1,645 لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جن میں 586 لیپ ٹاپ سرکاری یونیورسٹیز، 199 میڈیکل کالجز اور 860 لیپ ٹاپ کالج طلبہ کو دیے گئے۔ اسکالرشپ فیز ٹو کے تحت 1,696 طلبہ کو ایک کروڑ 93 لاکھ روپے کی مالی معاونت دی گئی، جن میں 414 اسکالرشپس سرکاری جامعات، 62 میڈیکل کالجز اور 1,220 کالج طلبہ شامل تھے۔

تقریب کے دوران لیہ اور ڈی جی خان کے طلبہ نے ملی نغمہ ”اے میرے نوجواں، تم ہی بنیان مرصوص بن کر رہو“ پیش کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے داد دی اور طالبات کو گلے لگایا۔ تلاوت اور نعت پڑھنے والے طلبہ کو بھی تحائف پیش کیے گئے۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب میں ڈی سی لیہ امیرا بیدار کو اسٹیج پر بلا کر ان کی کارکردگی کو سراہا، اور "نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ایجوکیشن” کی تعارفی ویڈیو بھی پیش کی گئی۔ اس تقریب نے جنوبی پنجاب میں تعلیمی ترقی کی جانب ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔

Shares: