لیڈرضمانت پر گھر بیٹھا ہے،اور باقیوں کو کہتا ہے جیل جاؤ،پی ٹی آئی رہنما ولید اقبال کی والدہ پھٹ پڑیں

0
38

تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال کی والدہ جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر پھٹ پڑیں۔

باغی ٹی وی :جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ اقبال نےجیل بھرو تحریک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ بیٹے کو جیل بھرو تحریک میں شریک ہونے سے منع کیا تھا انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لیڈر بنا بیٹھا ہے وہ تو ضمانت قبل از گرفتاری لے کر گھر بیٹھا ہوا ہے اور باقیوں کو کہتاہے جیل جاؤ۔

ناصرہ اقبال نےکہا کہ پی ٹی آئی کو اس وقت الیکشن مہم چلانی چاہیے، عوام کے خرچے پر جیل میں بیٹھنے کی حکمت سمجھ سے بالا تر ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں اب تک چند رہنماؤں نے گرفتاری پیش کی ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر2022 میں عمران خان نے میانوالی میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد جیل بھرو تحریک کا اعلان کریں گےتاہم اس کا باقاعدہ اعلان 17 فروری کو کیا گیا۔

جب 22 فروری کو جیل بھرو تحریک کا باقاعدہ آغاز ہوا ہے تو عمران خان خود تحریک کے پہلے دن گرفتاری کے لیے موجود نہیں تھے، تاہم ان کی جماعت کے بعض اہم ترین رہنما اس وقت مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

پی ٹی آئی کے ٹویٹر اکاونٹ سے شیئر کیے جانے والے شیڈول کے مطابق ملک میں لاقانونیت، آئین شکنی اور مہنگائی کے خلاف پرامن جیل بھرو تحریک پہلے مرحلے میں 8 شہروں میں شروع کی گئی ہے۔ دیگر شہروں میں شیڈول کا اعلان مرحلہ وار کیا جائے گا۔

اب تک لاہور، پشاور، راولپنڈی اور ملتان میں جیل بھرو تحریک کے لیے قائدین اور کارکنان گرفتاریاں دینے کے لیے جمع ہوتے رہے ہیں۔ جبکہ آج گوجرانوالہ میں پاور شو کیا جا رہا ہے جہاں گجرات، سیالکوٹ سمیت چند دیگر علاقوں سے بھی پی ٹی آئی کے کارکنان کے قافلے پہنچے-

Leave a reply