لاہور ہائی کورٹ کے مختلف داخلی راستوں پر نصب واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کا چیف جسٹس نے کیا افتتاح
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے لاہور ہائی کورٹ کے مختلف داخلی راستوں پر نصب واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کا افتتاح کردیا.
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے لاہور ہائی کورٹ کے مختلف داخلی راستوں پر نصب واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کا افتتاح کردیا. اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس محمد شاہد وحید، جسٹس شاہد کریم، پنجاب واٹر کمیشن کے سربراہ سابق جج علی اکبر قریشی اور رجسٹرار بہادر علی خان سمیت لاہور ہائی کورٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے.
واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کورونا وباء کا سامنا ہے، تمام شہری حکومت کی جانب سے جاری اختیاطی تدابیر پر عمل کریں. انہوں نے کہا کہ وکلاء و سائلین کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے مختلف داخلی راستوں پر واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز نصب کی. گئی ہیں. جو کہ لاہور ہائی کورٹ انتظامیہ اور واسا کا اہم اقدام ہے. فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، خود کو گھروں تک محدود رکھیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کیا جاسکے. فاضل چیف جسٹس نے واک تھرو ڈس انفیکشن ٹنلز کی فراہمی پر واسا کا شکریہ بھی ادا کیا.
اس موقع پر پنجاب واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کا کہنا تھا کہ شہری اپنی صفائی کا خاص خیال رکھیں، بار بار ہاتھ دھوئیں لیکن پانی کا ضیاع نہ کریں. انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھوتے ہوئے آدھا نل کھولیں اور 20 سیکنڈ تک صابن لگاتے وقت پانی کا نل بند رکھیں، گھروں میں گاڑیاں دھوتے ہوئے ڈائریکٹ پائپ کی بجائے بالٹی میں پانی لیں اور خواتین برتن دھوتے ہوئے پانی کا استعمال کم سے کم رکھیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کو پانی کی کمی کا سامنا ہے، ہمیں پانی کی بچت کرنی ہے کیونکہ پانی کے ضیاع کے بارے میں ہم اللہ تعالیٰ کو جواب دے ہونگے.