لاہور کے بعد کراچی میں بھی "گدھے” کا گوشت ،شہر قائد کے مکین ہو جائیں ہوشیار
لاہور کے بعد کراچی میں بھی "گدھے” کا گوشت ،شہر قائد کے مکین ہو جائیں ہوشیار
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے بعد کراچی میں گدھوں کی خبروں نے شہریوں کو پریشان کر دیا، شہری بیف کھائیں یا نہیں سمجھ نہیں آ رہی ،
شہر قائد کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب موجود کچرا کنڈی سے 3 گدھوں کے سر اور آلاشیں ملی ہیں، البتہ باقی گوشت اور کھال غائب ہے۔ نامعلوم افراد مبینہ طور پر ذبح کیے گئے گدھے کے سر اور آلاشیں پھینک گئے تھے، ان لائشوں کو بعد میں کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی صفائی والی گاڑی کچرے سمیت اٹھا کر لے گئی۔
اطلاع پر پولیس کی جانب سے اہلِ علاقہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کہ یہ کس کی کارروائی ہے اور گدھوں کا گوشت کہاں گیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان گدھوں کا گوشت بیف یا مٹن بتا کر کسی ہوٹل یا گوشت کی دکان پر بیچا اور شہریوں کو کھلایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس شہر قائد کے علاقے کورنگی کے ایک گودام پر چھاپے کے دوران پولیس نے گدھے اور کتے کی 800 کھالیں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان کا گروہ کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گدھے اور کتے کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کرتا ہے۔
ملزمان میں ایک افغان باشندہ عبدالرحیم بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق افغان شہری نے پاکستانی شہری کی مدد سے یہ گودام لے رکھا تھا، ان کا گروہ بین الصوبائی ہے، جو خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں سے کھالیں حاصل کرکے کراچی لاتا ہے اور یہاں سے کھالیں چین برآمد کر دی جاتی ہیں۔
اپریل 2017 میں بھی پولیس نے کاروائی کی تھی، پولیس نے گلستان جوہر میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر ساڑھے 4 ہزار سے زائد کھالوں کے ساتھ ایک چینی باشندے اور ایک خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ایک اور گودام سے مزید 350 گدھے کی کھالیں برآمد کی گئی تھیں۔ چین میں گدھے کی کھالوں سے جیلاٹن نامی ایک جز بنایا جاتا ہے جو چین کی ہزاروں سال قبل روایتی اور مقبول ترین دوا ایجیا کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ دوا چینی باشندوں میں انتہائی مقبول ہے جو نیند لانے، ٹھنڈ سے بچاؤ، طاقت اور دیگر امراض میں مفید ہے۔
واضح رہے کہ چین اس وقت گدھوں کی خریداری کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جو دنیا بھر سے گدھوں کو زیادہ سے زیادہ قیمت پر خریدنے کو تیار ہے، جب کہ نائیجریا اور برکینا فاسو سمیت کئی ممالک چین کو گدھے فروخت کرنے پر پابندی بھی عائد کرچکے ہیں۔