لاہورمیں دھماکے سے 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
لاہورمیں دھماکے سے 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقے فیروزوالا میں کالا خطائی روڈ پر نجی فیکٹری میں سلنڈر دھماکا ہوا جس سے بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی، فیکٹری میں 11 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب سلنڈر دھماکے کے بعد سپرے اور پرفیوم کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ آگ نے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا، دھماکے سے فیکٹری زمین بوس ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے مزدوروں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں، فیکٹری سے ملحقہ گھروں کو خالی کرا لیا گیا۔ ایک ملحقہ مکان کی چھت بھی گر گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کاروائیاں شروع کر دیں.
جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، فیکٹری میں کولنگ کا عمل تاحال شروع نہ ہو سکا،زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے.