راولپنڈی: پی ٹی آئی کی جانب سے لیاقت باغ میں احتجاج کے اعلان کے بعد پولیس نے لیاقت باغ راولپنڈی کو سیل کر دیا جبکہ موبائل اور میٹرو بس سروس معطل رہے گی،جبکہ گزشتہ شب پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر راولپنڈی کے 32 تھانوں کی پولیس نے چھاپے مارے۔
باغی ٹی وی:پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی کے لیاقت باغ میں آئینی ترامیم کے خلاف احتجاج کیلئے کارکنان لیاقت باغ پہنچ گئے ہیں، جہاں پولیس کی جانب سے ان پر شیلنگ کی گئی، جبکہ کارکنان نے جواب میں پولیس پر پتھراؤ کیا،اٹک سے آنے والے قافلوں پر بھی پولیس نے شیلنگ کی، شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نہتے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی ہے،جواب میں مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا،جبکہ راولپنڈی میں احتجاج پر 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا،شہریار ریاض کی قیادت میں پہلا قافلہ لیاقت باغ پہنچا، پولیس نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرام راجہ کو بھی راولپنڈی جانے سے روک دیا، اور اب خیبرپختونخوا کی طرف سے آنے والے قافلوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایچ 13 کے پاس سے گرفتار کیا گیا، دونوں راولپنڈی جارہے تھے کہ انہیں گاڑی سے اتار کر پولیس وین میں بٹھا دیا گیا،بعدازاں، پولیس ٹیم نے بیرسٹر گوہر کو رہا کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے رہائی کے بعد بتایا کہ ہمیں پولیس نے ایچ 13 سے گرفتار کیا، میرے ساتھ سلمان اکرم راجہ بھی تھے، ابھی کہا ہے کہ راولپنڈی کی بجائے واپس چلے جائیں، سلمان اکرم راجہ اور میری بحث کے بعد پولیس نے مجھے واپس بھیجا، سلمان اکرم راجہ پولیس کی تحویل میں ہیں ہمیں راولپنڈی جانے نہیں دیا جا رہا،سلمان اکرم راجہ کو بھی پولیس نے واپس چھوڑ دیا اور انہیں راولپنڈی جانے سے روک دیا گیا، پولیس نے سلمان راجہ کو ہدایت کی کہ آپ واپس اسلام آباد جائیں۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونکوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ برہان کے مقام پر شیلنگ کرکے قافلے کو منتشر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، کنٹینرز ہٹاکر قافلہ اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے، راستے میں آئی مزید رکاوٹیں بھی ہٹا کر آگے بڑھیں گے،عوامی سمندر کے سامنے کنٹینرز ریت کی دیوار ثابت ہورہے ہیں، علی امین گنڈاپور نے درباری وزراء کے چیلنج کے بعد دوسری بار اٹک کراس کردیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل لوٹنا اور سیاست کے لئے استعمال کرنا شریف خاندان کا وطیرہ ہے، علی امین پر سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام لگا کر توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، جعلی درباری وزراء کی پریس کانفرنسز سے ان کا خوف عیاں ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، ہم ہر حال میں لیاقت باغ میں پہنچیں گے،ہم بانی پی ٹی أئی کی کال پراحتجاج کر رہے ہیں، ہم پرامن لوگ ہے ہمارے احتجاج پرامن ہوتے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی احتجاج کے پیش نظر گزشتہ شب کارکنوں کے گھروں پر راولپنڈی کے 32 تھانوں کی پولیس نے چھاپے مارے، تاہم تمام کارروائیاں ناکام رہیں اور رات بھر کوئی بھی سرگرم کارکن پولیس کے شکنجے میں نہیں آیا،راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے سیاسی دفاتر بند کردیے گئے ہیں شمس آباد، رحمان آباد، بھارہ کہو، مارگلہ ٹاؤن، چک شہزاد میں موجودپی ٹی آئی کے پبلک سیکرٹریٹ بند اور پارٹی رہنما روپوش ہیں۔
پی ٹی آئی لاہور کی قیادت گرفتاریوں سے بچنے کیلئے رات کو ہی روانہ
ادھر احتجاج میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی لاہور قیادت کی نئی حکمت عملی اختیار کی اور کارکنوں اور قائدین کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپوں سے قبل ہی رات میں راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگئے ذرائع کے مطابق احتجاج میں شرکت کیلئے کارکنان اور رہنما رات گئے ہی روانہ ہوگئے، رہنماؤں اورکارکنان کو الگ الگ گاڑیوں میں پہنچنے کی ہدایت دی گئی، پارٹی قیادت کی جانب سے راولپنڈی میں کارکنوں کو اپنی سیاسی شناخت ظاہر نہ کرنے کی ہدایت ملی ہیں، اس حوالے سے شیخ امیتاز نے کہا کہ آج راولپنڈی میں پر امن احتجاج ہوگا،پی ٹی آئی لاہوراحتجاج میں بھر پور شرکت کریں گی۔
علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن راولپنڈی میں احتجاج کیلئے روانہ
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی میں ہونے والے احتجاج کے لیے 25 سے زیادہ ریسکیو گاڑیاں صوابی پہنچا دی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں میں فائرویکلز، ایمبولنسز، اور دیگر ریسکیو وسائل شامل ہیں، 40 سے زیادہ ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی ان گاڑیوں کے ساتھ موجود ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ریسکیو گاڑیوں اور اہلکاروں کو ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت بھیجا گیا ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن آج راولپنڈی کے احتجاج میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کارکن رکاوٹوں کو خاطر میں نہ لائیں، جلسے کیلئے ہر صورت راولپنڈی پہنچیں گے۔
علی امین گنڈاپور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع سے جلسے کیلئے قافلے روانہ ہوں گے، جن کی قیادت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کریں گے راولپنڈی احتجاج کے حوالے سے پختونخوا سے ہزاروں کارکن روانگی کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ کے پی کی قیادت میں قافلہ موٹر وے ٹول پلازہ سے روانہ ہو گا ، صوابی انٹرچینج پر علی امین گنڈاپور کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا فیصلہ کن معرکہ شروع ہو چکا ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ راولپنڈی احتجاج کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں ، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں راولپنڈی سے ٹکرائے گا، پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے جا رہے ہیں، راج کماری مریم نواز پولیس گردی کی کوشش نہ کریں بصورت دیگر پورا پاکستان سڑکوں پر ہو گا، جعلی مقدمات اور فارم 47 کی جعلی حکومت کےخاتمے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لے لی تھی، جو لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں دائر کی گئی تھی، پاکستان تحریک انصاف نے آج لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کا تاحال جلسے کی اجازت نہیں دی گئی ہے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر گزشتہ روز سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا تھا کہ اگر ہمیں لیاقت باغ پنڈی میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو پھر اسی جگہ پر احتجاج کریں گے-
لیاقت باغ میں احتجاج کے اعلان اور حکومتی اقدامات کے بعد پی ٹی آئی نے احتجاج سے متعلق حکمت عملی ترتیب دیدی، وزیراعلی کے پی بھی راولپنڈی احتجاج میں شرکت کریں گے، وزیراعلی علی امین گنڈا پور احتجاج کی قیادت کریں گے، پی ٹی آئی قیادت قافلوں کی صورت میں لیاقت باغ جائے گی، پی ٹی آئی قیادت نے پی ٹی آئی کی کارکنان کو 2 بجے لیاقت باغ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹیآئی کا احتجاج کا اعلان،لیاقت باغ سیل موبائل اور میٹرو بس سروس معطل
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری لیاقت باغ کے باہر اور اندر تعینات کر دی گئی ہے، پولیس نے چہل قدمی کیلئے آنے والے افراد کو بھی باہر نکال دیا ہے، راولپنڈی بھر میں آج موبائل سروس معطل رہے گی، موٹر وے ایم ون ایم ٹو کو بھی بند رکھا جائے گا جبکہ چکری، باہتر، ٹیکسلا، اے ڈبلیو ٹی سے بھی شاہراوں کو بند کیا جائے گا، جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس معطل رہنے اور مری روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند بھی کئے جانے کا امکان ہے۔
حکومت پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی، رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاراولپنڈی ڈویژن میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اورایسی تمام سرگرمیوں پرپابندی عائدکرنے کیلئے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے پابندی کا اطلاق ہفتہ 28 ستمبراور اتوار 29 ستمبرکوہوگا، راولپنڈی ڈویژن کےچاروں اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ ہوگی،ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی 6 کمپنیاں تعینات ہونگی، ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کا راولپنڈی آمد کا اندیشہ ہے،،امن وامان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی حکومت کومراسلہ جاری کردیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ادھرسی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے افسران کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا،حکم نامہ کے مطابق کسی قسم کی بھی چھٹی کرنے کی اجازت نہیں ہو گئی، خلاف ورزی کرنے والوں کو نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔








