اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے بعد لیبیا میں بھی تاترکین وطن کی کشتی ڈوب گئی،جس میں متعدد پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں-

باغی ٹی وی: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اٹلی کے بعد لیبیا کے شہر بن غازی کے قریب کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے، لیبیا کشتی حادثے میں 3 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، طرابلس میں پاکستانی سفارتخانہ لاشیں پاکستان منتقل کرنے میں مدد کر رہاہے، اٹلی اور لیبیا میں کشتیاں ڈوبنے کے علیحدہ علیحدہ حادثات ہوئے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں بدقسمت کشتیوں میں سوار پاکستانی غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جا رہے تھے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز اٹلی میں بھی کشتی ڈوبنے کے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہوئے اور کئی لاپتہ ہیں۔

ہلاک ہونیوالوں میں پاکستان ،افغانستان ،صومالیہ،شام ،عراق اور ایران کے باشندے شامل ہیں کوسٹ گارڈز کی بروقت امدادی کارروائیوں سے 81 افراد کوز ندہ بچا لیا گیا۔ کشتی پر خواتین اور بچوں سمیت 200 سے زیادہ افراد شامل تھے ۔

اٹلی کی وزیر اعظم جیارجیا میلونی نے یورپی یونین کے اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ کشتی کے ذریعے پناہ گزینوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کریں ۔۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے غیرقانونی طور پر آنیوالوں کے خلاف سخت اقداما ت کرنے ہوں گے ۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتھونیو گتریس نے کہا کہ تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی مدد کریں پناہ گزینوں کے راستوں کو محفوظ بنانا ہوگا-

Shares: