قطر میں فٹبال ورلڈکپ فائنل جیت کر ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا برسوں پرانا خواب پورا ہوگیا۔مگر ارجنٹینا کے عالمی چیمپئن بننے کے بعد لیونل میسی نے ایک اور دلچسپ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
ورلڈکپ جیتنے کے بعد لیونل میسی کی جانب سے جشن منانے کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تھیں جو اس فوٹو شیئرنگ ایپ کی سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی پوسٹ بن چکی ہے۔اس سے قبل ورلڈ ریکارڈ ایگ کے پاس یہ ریکارڈ تھا جس کی پوسٹ کو 5 کروڑ 60 لاکھ 85 ہزار سے زیادہ افراد نے لائیک کیا تھا۔
مگر لیونل میسی کی پوسٹ کو 5 کروڑ 65 لاکھ 89 ہزار سے زیادہ بار لائیک کیا جاچکا ہے۔اس پوسٹ میں لیونل میسی نے چیمپئنز آف ورلڈ کے الفاظ کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا۔اس سے قبل گنیز ورلڈ ریکارڈز نے 4 عالمی ریکارڈز تو باضابطہ طور پر لیونل میسی کے نام کردیے تھے۔ان میں سے ایک ریکارڈ فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 11 بار مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کا ہے۔
دوسرا ریکارڈ 5 مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے دوران گولز میں معاونت کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا ہے۔تیسرا ریکارڈ بطور کپتان سب سے زیادہ 19 میچز میں شرکت جبکہ چوتھا بطور کھلاڑی سب سے زیادہ 26 ورلڈکپ میچز کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا کرنے والے لیونل میسی دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔امریکی جریدے فوربز کے مطابق گزشتہ سال لیونل میسی نے آن فیلڈ (فٹبال مقابلوں وغیرہ) سے ساڑھے 7 کروڑ ڈالرز کمائے۔
پیرس سینٹ جرمن میں کھیلنے کے لیے انہوں نے سالانہ ساڑھے 3 کروڑ ڈالر فیس کا معاہدہ کیا ہے یعنی ہر ماہ وہ 7 لاکھ 38 ہزار ڈالرز، روزانہ ایک لاکھ 5 ہزار ڈالرز جبکہ ہر گھنٹے 8790 ڈالرز کماتے ہیں۔ارجنٹینا اسٹار کو گزشتہ سال موسم گرما میں پیرس سینٹ جرمن کا حصہ بننے پر ڈھائی کروڑ ڈالرز کی جوائننگ فیس بھی دی گئی تھی۔