میرپور خاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)یومِ حسین کی مناسبت سے محمدی میڈیکل کالج / ابن سینا یونیورسٹی میرپور خاص کی بزمِ ادب کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اور روحانی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی، تعلیمات اور پیغام کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت کالج کی ایک ہونہار طالبہ نے حاصل کی۔ بعد ازاں اسٹوڈنٹس نے نوحہ خوانی اور سلام پیش کیا، جس سے پروگرام کا ماحول مزید پرکیف اور روح پرور ہو گیا۔

پروگرام کے اختتامی مرحلے میں محمدی میڈیکل کالج کے ڈائریکٹر، محترم ڈاکٹر رضی صاحب نے حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد، مقصد اور شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ”حضرت امام حسینؑ کی قربانیاں ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ حق و انصاف کے لیے ڈٹ جانا ہی اصل کامیابی ہے۔ اُنہوں نے ظلم، جبر اور یزیدیت کے خلاف کھڑے ہو کر تاریخِ انسانیت کو نیا رخ دیا۔”

پروگرام کے دوران امام حسینؑ کے افکار اور فلسفے سے متعلق کئی اہم نکات پر گفتگو کی گئی، جن میں شامل تھے:
حق و انصاف کے لیے لڑنے کا جذبہ،ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کی ہمت،قربانی اور شہادت کی اہمیت،صبر و استقامت کی ضرورت

طلبہ و اساتذہ نے حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کا اختتام دعائے امامِ زمانہؑ سے ہوا، جہاں تمام شرکاء نے امام حسینؑ کی قربانی کو یاد رکھتے ہوئے امامِ وقت کے ظہور کی دعا کی اور یہ وعدہ کیا کہ حسینیت کا پیغام نسل در نسل منتقل کرتے رہیں گے۔

Shares: