لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے آشخیل میں جنوری 2022 میں سالانہ ترقیاتی فنڈ (ADP) سے منظور شدہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی تعمیر تاحال مکمل نہ ہو سکی۔ اس منصوبے پر تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت آئی تھی، تاہم تین سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود سکول کی عمارت نامکمل ہے، جس سے علاقے کی بچیوں کی تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
سکول کا افتتاح جنوری 2022 میں ایک پروقار تقریب میں کیا گیا تھا، جسے اہلیانِ آشخیل کے لیے ایک تاریخی دن قرار دیا گیا تھا۔ یہ تعلیمی ادارہ علاقے کی بچیوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، لیکن تین سال گزرنے کے باوجود تعمیراتی کام مکمل نہ ہو سکا، جس سے مقامی افراد میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔
آشخیل یوتھ فورم نے حکام بالا بشمول ایم این اے، ایم پی اے، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سکول کی تعمیر جلد از جلد مکمل ہو سکے اور علاقے کی بچیوں کو تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس تاخیر کے باعث سینکڑوں طالبات تعلیم سے محروم ہو رہی ہیں، لہٰذا متعلقہ ادارے فوری اقدامات اٹھائیں۔