لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے لنڈی کوتل سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دی گئی سہولیات کا جائزہ لیا، عملے سے میٹنگ کی اور مستحق خواتین کے مسائل سنے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی خیبر کے سینئر نائب صدر خیال رسول شینواری، صوبائی رہنما حاجی عطا محمد سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ روبینہ خالد نے عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عملے کو ایمانداری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی اور خبردار کیا کہ ڈیوٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو میں روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کو بین الاقوامی معیار کا فلاحی منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کا تاریخی اقدام ہے، جس سے لاکھوں غریب خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا دورے کا مقصد غریب خواتین کے مسائل جاننا اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بانی صدر آصف علی زرداری ہیں، اور اس میں کسی بھی بدعنوانی یا کٹوتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Shares: