گوجرانوالہ:لوڈ ایکسل مینجمنٹ کیلئے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا.غلام مصطفیٰ انصاری

مقررہ وزن سے زیادہ لوڈ پر مقدمات،بھاری جرمانے اور گاڑیاں بند کرنے کے ساتھ سامان ضبط کیاجاسکتا ہے

گوجرانوالہ، باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی گوجرانوالہ/وزیر آباد غلام مصطفیٰ انصاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر لوڈ ایکسل مینجمنٹ کیلئے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا. مقررہ وزن سے زیادہ لوڈ پر مقدمات،بھاری جرمانے اور گاڑیاں بند کرنے کے ساتھ سامان ضبط کیاجاسکتا ہے.

اہم شاہراہوں پرگاڑیوں کے مطابق مقررہ وزن کے بارے میں آگاہی بورڈز کے ساتھ وزن چیک کرنے کے جدید آلات نصب ہونے چاہئیں اور اوزان کے تمام کانٹوں کو پنجاب لوڈ ایکسل مینجمنٹ سسٹم پر رجسٹرڈ کرایا جائے. تمام سرگرمیاں حکومت پنجاب کے ڈیش بورڈ پراپ لوڈ کی جائیں، ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لے کر لوڈ ایکسل مینجمنٹ پر عملدرآمد کرایا جائے. انہوں نے یہ ہدایات اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، ڈی او انڈسٹریز محمد شفیق، ایکسائز، پٹرولنگ پولیس،موٹر وہیکل ایگزامینرارسلان علی عابد اور دیگر محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی.

انہوں نے کہاکہ حکومت کسی کا معاشی قتل نہیں چاہتی، معیشت کا پہیہ چلتے رہنا چاہیئے تاہم مقررہ وزن سے زیادہ لوڈ کی وجہ سے اربوں روپے سے تعمیر ہونے والی سڑکیں وقت سے قبل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں اور ایسی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اور ایسی سڑکوں پر گاڑیاں بھی جلد کھٹارہ ہوجاتی ہیں.

انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ قومی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اپنی گاڑیوں کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے لوڈ ا یکسل مینجمنٹ پر عملدرآمد کریں.

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھرمیں پتھر، بجری، کوئلہ اور دیگر سامان لانے والے بڑے ٹرالر کے وزن کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دور کرنے کیلئے حکومت پنجاب کو سفارشات ارسال کی جائیں گی.

Leave a reply