اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے 30 سالہ نوجوان لوڈر رکشہ ڈرائیور محمد عاصم جاں بحق ہو گیا، حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
محمد عاصم جو بستی میجر حق نواز اوچ شریف کا رہائشی تھا معمول کے مطابق اپنے رکشے پر جانوروں کا چارہ لے کر جا رہا تھا کہ اچانک پیچھے سے آنے والی جی ایل آئی کار (نمبر LEH-1708) نے اسے شدید ٹکر مار دی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی زور دار تھی کہ رکشہ الٹ گیا اور محمد عاصم نیچے دب کر شدید زخمی ہو گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر اسے ملبے سے نکالا، مگر سر پر گہری چوٹیں لگنے کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی مکمل کی اور لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار کار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔